اسلام آباد پولیس نے ڈی چوک پہنچنے والے پی ٹی آئی کے کارکنان کو شیلنگ کر کے پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا جبکہ پی ٹی آئی کے قافلے بھی اسلام آباد میں داخل ہوگئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کال پر پی ٹی آئی کے کارکنان اور عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلے، جو رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں، شرکا کو روکنے کے لیے انتظامیہ بھی متحرک نظر آئی جس کے باعث کراچی، لاہور، راولپنڈی میں تصادم بھی ہوا۔
پنجاب پولیس نے پی ٹی آئی کی دو خاتون رہنماؤں یاسمین راشد اور عندلیب عباس کو گرفتاری کے کچھ ہی دیر بعد رہا کردیا علاوہ ازیں سابق وفاقی وزیر حماد اظہر آنسو گیس کا شیل لگنے سے معمولی زخمی بھی ہوئے۔
لاہور پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنماء حماد اظہر کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تاہم کارکنان نے کوشش کو ناکام بناتے ہوئے انہیں باحفاظت گاڑی تک پہنچایا۔
پی ٹی آئی کارکنان کو ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت
تحریک انصاف کے آزادی مارچ میں شرکت کے لیے خیبرپختونخوا سے آنے والے کارکنان اٹک پل پر جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں، پولیس نے مقامی قیادت کو گرفتار کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان حسن ابدال سمیت مختلف مقامات پر کھڑی رکاوٹوں کو ہٹاتے ہوئے اسلام آباد پہنچے، پرویز خٹک اور اعظم سواتی کی زیر قیادت پی ٹی آئی کا قافلہ سری نگر ہائی وے پہنچا، جس کے بعد سابق وفاقی وزیر دفاع نے قافلے کے ہمراہ ڈی چوک جانے کی کوشش کی تو پولیس نے شدید شیلنگ کی جس پر پی ٹی آئی کارکنان کو پسپائی کا سامنا کرنا پڑا۔
بعد ازاں اعظم سواتی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی کارکنان کو سری نگر ہائی وے سے ہر صورت ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت کی جس پر انتظامیہ نے مارگلہ روڈ سے بھی ریڈ زون انڑی پر کنٹینر رکھ کر بند کر دیا۔
مراد سعید اور پرویز خٹک قافلے کے ہمراہ ڈی چوک پہنچ گئے
پی ٹی آئی رہنما مراد سعید، پرویز خٹک کارکنان کی بڑی تعداد کے ہمراہ رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے کامیابی سے ڈی چوک پہنچ گئے جبکہ پی ٹی آئی کے بڑی تعداد میں قافلے بھی اسلام آباد میں داخل ہوچکے ہیں جو پارٹی قیادت کے حکم پر ڈی چوک کی جانب رواں دواں ہیں۔
اسلام آباد پولیس نے سری نگر ہائی وے اور ڈی چوک پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے احتجاج کرنے والے 40 سے 50 افراد کو گرفتار کرکے مختلف تھانوں میں منتقل کردیا۔ حکومت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کررکھا ہے۔
تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آزادی مارچ سے کو روکنے کے لیے مری روڈ، فیض آباد کو ایکسپریس ہائی وے، آئی جے پی روڈ کو کنٹینرز اور خاردار رکاوٹیں لگا کر مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) May 25, 2022
راولپنڈی میں مظاہرین اور پولیس میں شدید جھڑپیں جاری رہیں جس کے باعث راولپنڈی مریڑ چوک سے فیض آباد تک مری روڈ میدان جنگ کا منظر پیش کررہا ہے جبکہ پولیس کی طرف سے ربڑ بلٹ فائر کیے جارہے ہیں جس سے متعدد کارکنان زخمی ہوگئے۔
دارالحکومت سے منسلک راولپنڈی میں میٹرو بس سروس اور پبلک ٹرانسپورٹ، بس اڈے سمیت تعیلمی اداروں کو بند کردیا گیا ہے جبکہ جڑواں شہروں میں آج ہونے والے پرچے بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: اسمبلیوں کی تحلیل اورالیکشن تاریخ کے اعلان تک اسلام آباد میں ہی رہیں گے، عمران خان
حکومت نے اسلام آباد کے لیے پولیس، رینجرز اور ایف سی طلب کرلی ہے جبکہ ریڈ زون جانے والے تمام علاقے سیل ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
عوامی لیگ سربراہ شیخ رشید احمد نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ لال حویلی کو پولیس نے گھیر لیا ہے اور 60 سے زائد ہمارے کارکنان کو حراست میں لیا جاچکا ہے تاہم انہوں نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ ’میں ووکرز سمیت تاریخی مارچ میں شرکت کروں گا‘۔
مزید پڑھیں: لانگ مارچ کے پیش نظر پنجاب میں موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ
قبل ازیں گزشتہ روز پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کے رہنماؤں محمود الرشید اور سینیٹر اعجاز چوہدری سمیت مقامی رہنماؤں اور کارکنان کو حراست میں لے رکھا ہے۔
یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج پشاور سے لانگ مارچ کے لیے اسلام آباد روانہ ہوں گے جبکہ حکومت نے پختونخوا اور پنجاب کی سرحد کو اٹک خورد کے مقام پر کنٹینرز لگا کر بند رکھا ہے۔
لاہور میں پی ٹی آئی کے آزادی مارچ کو ناکام بنانے کا منصوبہ
لاہور کے علاقے بتی چوک میں پاکستان تحریک انصاف اور پولیس کے کارکنان میں تصادم ہوا ہے، پی ٹی آئی کارکنان نے مارچ میں شرکت کے لیے نےراستوں سے رکاوٹیں ہٹانا شروع کیں جس پر پولیس نے شیلنگ کردی۔
پی ٹی آئی رہنماء ڈاکٹر یاسمین راشد، شفقت محمود اور حماد اظہر کی قیادت میں کارکنان کنٹینرز پر چڑھ گئے جبکہ شیلنگ کے جواب میں کارکنان نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس کے باعث علاقہ میدانِ جنگ بن گیا۔ پولیس کی آنسو گیس شیلنگ کے سینکڑوں شیل برسائے جس کے باعث متعدد کارکنوں کی حالت بگڑ گئی ہے جبکہ 2 درجن سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے نے انٹرنیٹ اور موبائل سروس بندش کی خبروں کی تردید کردی
پولیس نے یاسمین راشد کی گاڑی پر پولیس نے دھاوا بول دیا جس کے باعث گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم پی ٹی آئی کی خاتون رہنماء بتی چوک سے نکلنے میں کامیاب ہوگئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے قافلے کو منگلا پل پر روک دیا گیا ہے وہ چودھری ارشد کے ساتھ قافلے کی صورت کھڑی سے دینہ کی طرف جارہے تھے۔
Who is this woman protecting Dr. Sahiba?
Brave! #حقیقی_آزادی_مارچ #LongMarch pic.twitter.com/pryIesYCnV— Noor Asad (@PTIislove) May 25, 2022
پنجاب میں دریائے راوی پل اور جی ٹی روڈ سمیت تمام اہم شاہراہوں پر درجنوں کینٹینر، مال بردار ٹرک کھڑے کردیئے گئے ہیں، جس کے باعث لاہور تا اسلام آباد فضائی آپریشن بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
مزید پڑھیں: راستوں کی بندش کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ بار کی سپریم کورٹ میں درخواست سماعت کیلیے مقرر
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پروازیں معمول کے مطابق شیڈول ہیں تاہم راستوں کی بندش کے باعث ناگزیر وجوہات کی وجہ سے تاخیر ہوسکتی ہے۔
ترجمان نے مسافروں سے گزارش کی ہے کہ وہ وقت کا حساب رکھ کر ائیرپورٹ کیلئے گھروں سے روانہ ہوں جبکہ پروازوں سے متعلق پی آئی اے کال سینٹر 111 786 786 سے رابطہ بھی برقرار رکھیں۔
لانگ مارچ اور راستوں کی بندش کے باعث ایمبولینس بھی نہ گزر سکی جبکہ لاہور کے علاقے بتی چوک سے اہلخانہ 2 کلومیٹر پیدل چل کر اپنے پیارے کی میت پیدل لانے پر مجبور ہوگئے جبکہ پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔
پی ٹی آئی لانگ مارچ؛ کراچی میں بھی متعدد سڑکیں بند
کراچی میں نمائش چورنگی اور اطراف کی سڑکوں کوٹریفک کے لئے بند کرکے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ نمائش، گرومندر،سولجر بازار میں ٹینکرز اوردیگررکاوٹیں پہنچا دی گئیں جبکہ پیپلز چورنگی سے صدرجانے والے کوریڈور3 کو بھی بند کردیا گیا۔
پی ٹی آئی نے نمائش چورنگی پر لانگ مارچ کی لائی اسکریننگ کرنے کا اعلان کیا تو پولیس کی بھاری نفری وہاں پہنچی اور خواتین سمیت دیگر کارکنان کو گرفتار کرلیا۔
پی ٹی آئی کارکنان پر شیلنگ ہوئی تو انہوں نے جواباً پولیس پر پتھراؤ کیا اور وہ رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے پولیس وین کے قریب پہنچے، اس دوران علاقہ میدان جنگ بنا اور مشتعل مظاہرین نے وہاں کھڑی پولیس وین کو آگ لگا دی۔
The post پی ٹی آئی لانگ مارچ کے قافلے اسلام آباد میں داخل، کارکنوں کو ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت appeared first on ایکسپریس اردو.
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں