لاہور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بڑی ٹیموں کی جنگ آج چھڑے گی تاہم سپر 12مرحلہ آج سے شروع ہورہا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کوالیفائرز کا مرحلہ گزشتہ روز مکمل ہوگیا، دونوں گروپس سے 2،2ٹیموں نے پیش قدمی جاری رکھی، سپر 12مرحلہ آج سے شروع ہورہا ہے،پہلے روز دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کی ٹیم پڑوسی ملک نیوزی لینڈ کیخلاف میچ سے اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کرے گی،سڈنی میں بارش رنگ میں بھنگ ڈال سکتی ہے۔
میزبان کینگروز کو ٹاپ آرڈر میں کپتان آرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر جیسے جارح مزاج بیٹرز کی خدمات حاصل ہیں،ممکنہ کمبی نیشن میں شامل مچل مارش، گلین میکسوی، مارک اسٹوئنس، ٹم ڈیوڈ اور میتھیو ویڈ سمیت طویل بیٹنگ لائن کیوی بولرز کے صبر کا امتحان لے سکتی ہے،پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ پر مشتمل پیس بیٹری کسی بھی بولنگ لائن اپ کو تہس نہس کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اسپنر ایڈم زیمپا بھی ہوم کنڈیشنز کا بخوبی استعمال کرسکتے ہیں۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم مڈل آرڈر میں مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوشش کرے گی،اوپنر ڈیون کونوے کا ساتھ دینے کیلیے ان فارم فن ایلن کو مارٹن گپٹل پر ترجیح دینے کا فیصلہ ہوسکتا ہے،کپتان کین ولیمسن، گلین فلپس سے بڑی اننگز کی توقعات وابستہ ہوں گی،مائیکل بریسول اور مارک چیپمین میں سے کسی ایک کی پلیئنگ الیون میں جگہ بنے گی،پیسرز ٹم سائودی کا ساتھ دینے کیلیے لوکی فرگوسن اور ایڈم ملن میں سے کسی ایک کا انتخاب ہوگا،ایش سودھی سے اسپن کا جادو جگانے کی امیدیں ہیں۔
دوسری جانب پرتھ میں انگلش بیٹرز کی جارحیت کا خطرناک افغانی اسپنرز سے مقابلہ ہوگا، انگلینڈ کو طویل بیٹنگ لائن کا ساتھ میسر ہے، کپتان جوز بٹلر اور الیکس ہیلز ابتدا میں ہی چھکے چھڑانے کے عادی ہیں، مڈل آرڈر میں ڈیوڈ مالان، بین اسٹوکس موجود ہیں، لیام لیونگ اسٹن،معین علی اسپن بولنگ کے ساتھ جارحانہ بیٹنگ بھی کرلیتے ہیں،کرس ووکس اور ڈیوڈ ویلی میں سے کسی ایک پیسر کی سلیکشن ہوگی،کرس جورڈن اور مارک ووڈ کی جگہ بھی بنتی ہے، عادل رشید اسپن کا جال پھیلائیں گے۔
افغانستان کو بھی حضرت اللہ زازئی اور رحمان اللہ گرباز جیسے جارح مزاج اوپنرز کی خدمات حاصل ہیں،مڈل آرڈر میں ابراہیم زدران، درویش رسولی اور نجیب اللہ زدران فارم کے متلاشی ہوں گے،محمد نبی اچھی بیٹنگ فارم میں ہیں،عظمت اللہ عمرزئی اور راشد خان بھی اچھے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنانے کے اہل ہیں،افغانستان کی اصل قوت راشد خان اور مجیب الرحمان جیسے کامیاب اسپنرز ہیں جن کا محمد نبی بھی خوب ساتھ دیتے ہیں، موسم کھیل کیلیے سازگار اور پچ بائونسی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
The post سپر 12 راؤنڈ کا آغاز، آج سے بڑی ٹیموں میں گھمسان کا رن پڑے گا appeared first on ایکسپریس اردو.
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں