t"/>

تازہ ترین

جمعرات، 12 اکتوبر، 2023

بلوچستان میں تیل کے اسمگلرز کو دس دن کی مہلت دی گئی ہے، نگراں وزیراطلاعات

 کوئٹہ: نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، جن میں وڈھ فریقین کو مسلح تصادم ختم کرنے کیلیے چار دن جبکہ تیل کے اسمگلرز کو آخری دس روز کی مہلت دی گئی ہے۔

نگراں صوبائی وزرا جان اچکزئی، زبیر جمالی اور آصف دمڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں وڈھ میں جاری کشیدگی اور اس کے مستقل حل پر غور کیا گیا۔ جس کے تحت دونوں فریقین کو چار روز دے کر متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ 18 جون سے پہلے والے پوزیشن میں واپس چلے جائیں کیونکہ چار روز بعد فورسز اور ثالثین کا ایکشن شروع ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ تیل کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کو بھی دس روز کی مہلت دی گئی ہے، اُس کے بعد تمام اسمگلرز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ اجلاس میں صوبے کو کرپشن سے پاک مثالی صوبہ بنانے، سرکاری محکموں میں گھوسٹ ملازمین کی بھرتیاں، گھوسٹ پراجیکٹس اور بدعنوانیوں کی بڑے پیمانے پر تحقیقات کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

جان اچکزئی نے بتایا کہ صوبے میں غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں سمیت دیگر غیر ملکیوں کے انخلا کے حوالے سے بھی لائحہ عمل پر غور کیا گیا ہے، حکومت قانونی طور پر رہنے والوں کو کچھ نہیں کہے گی البتہ کسی کو بھی غیر قانونی طور پر رہنے کی اجازت بھی نہیں دیں گے۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ بلوچستان میں 84 ایسے مدارس قائم ہیں جن کا انتظام افغان شہریوں کے پاس ہے اور ان میں 8 ہزار 500 طالب علم زیر تعلیم ہے، ایسے تمام مدارس کا انتظام پاکستان کو سونپا جائے گا جبکہ مدارس کے اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال اور مہاجر کیمپس کے ساتھ لنکس کی اسکروٹنی بھی کی جائے گی۔

انہوں  نے كہا كہ بجلی کی چوری روکنے کیلیے کریک ڈاؤن کے بعد 1.6 ٹریلن روپے کی ریکوری ہوئی۔ صوبائی ایپکس کمیٹی نے کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ايرانی تيل كی اسمگلنگ كے حوالے سے تمام صورتحال كا جائزہ ليا گيا، جس میں یہ بات سامنے آئی کہ 85 فيصد تيل کی اسمگلنگ سمندری راستے سے ہوئی۔

The post بلوچستان میں تیل کے اسمگلرز کو دس دن کی مہلت دی گئی ہے، نگراں وزیراطلاعات appeared first on ایکسپریس اردو.



کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

مزید