t"/>

تازہ ترین

اتوار، 8 اکتوبر، 2023

انٹربورڈ کا سالانہ نتائج پر پوزیشن ہولڈر طلبہ و میڈیا کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ

  کراچی: اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانی نتائج 2023 کے موقع پر پوزیشن ہولڈر طلبہ اور ذرائع ابلاغ کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انٹربورڈ نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ  نتائج کے اجرا کے موقع پر پوزیشن ہولڈر طلبہ کے اعزاز میں کسی قسم کی ستائشی تقریب بھی منعقد نہیں ہوگی اور کراچی کے پوزیشن ہولڈر طلبہ اپنی حوصلہ افزائی کے سلسلے میں سالہا سال سے منعقد ہونے والی اس تقریب سے محروم رہیں گے۔

نتائج کے موقع پر تقریب نہ کرنے کا معاملہ کئی دہائیوں کے بعد ہوگا کہ انٹر بورڈ طلبہ کو نتائج کے اجراء کے وقت مدعو نہ کرے۔

یاد رہے کہ اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹر سال دوئم پری انجینیئرنگ، پری میڈیکل کامرس پرائیویٹ اور ہیومینیٹیز(ریگولر/پرائیویٹ) کے نتائج 13 اکتوبر کو جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

چیئرمین انٹر بورڈ کراچی پروفیسر نسیم میمن نے نتائج کے موقع پر پوزیشن ہولڈر کے اعزاز میں تقریب نہ کرنے اور ذرائع ابلاغ کو مدعو نہ کرنے کی تصدیق کردی ہے اور اس سلسلے میں ایک منفرد منطق کا سہارا لیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر پوزیشن ہولڈر کو پہلے ہی فون کرکے بلا لیا جائے گا تو انھیں معلوم ہوگا کہ پوزیشن ہماری ہے اور سارا کا سارا سرپرائز ہی ختم ہوجائے گا۔

“ایکسپریس” کے سوال پر چیئرمین انٹر بورڈ کا کہنا تھا کہ وہ حال ہی میں میٹرک بورڈ کراچی کی جانب سے پوزیشن ہولڈر کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں شریک ہوئے تھے اور وہاں دیکھ کر تعجب ہوا کہ پوزیشن ہولڈر جانتے تھے کہ ان کی پوزیشن آئی ہے صرف پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن ہی کا اعلان کیا گیا وہ ایسا نہیں چاہتے لہذا 13 اکتوبر کو نتائج ذرائع ابلاغ کو پہنچا دیے جائیں گے اسی میں پوزیشن لکھی ہوں گی۔

چیئرمین بورڈ کا کہنا تھا کہ ہم نے وزیر اعلی سندھ سے وقت مانگا ہے جب وہ وقت دے دیں گے تو تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز میں یہ میٹرک بورڈ کراچی اور انٹر بورڈ کراچی کو ہی یہ امتیاز حاصل رہا ہے کہ وہ اپنے پوزیشن ہولڈرز کو بلاکر ان کے اعزاز میں تقریب منعقد کرتا ہے اب اسی رسم کو اپناتے ہوئے آغاخان تعلیمی بورڈ بھی نتائج کے اجراء کے وقت اپنے پوزیشن ہولڈر کو مدعو کرتا ہے۔

The post انٹربورڈ کا سالانہ نتائج پر پوزیشن ہولڈر طلبہ و میڈیا کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ appeared first on ایکسپریس اردو.



کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

مزید