کراچی: شہر قائد میں ڈاکوؤں نے دیدہ دلیری سے واردات کرتے ہوئے تھانے کے سامنے دکاندار کو قتل اور 3 افراد کو زخمی کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈاکوؤں نے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر مبینہ ٹاؤن تھانے کے سامنے ملک شاپ پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے باعث موقع پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے میں والے شخص کی شناخت 40 سالہ عبدالباری کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے 3 افراد کی شناخت 42 سالہ وسیم ، 35 سالہ فرحان علی اور 30 سالہ محمد ایوب کے نام سے کی گئی، مقتول کی لاش اور زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈیوٹی افسر مبینہ ٹاؤن اے ایس آئی در محمد نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والا عبدالباری دکان کا مالک تھا جبکہ ایک موٹر سائیکل پر 2 ملزمان آئے تھے ، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 10 خول ملے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے تاہم ڈکیتی کی واردات میں ڈاکوؤں کی جانب سے 10 فائر نہیں کیے جاتے ہیں، پولیس جائے وقوعہ کے قریب نصب کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیجز تلاش کر رہی ہے تاکہ فائرنگ کی وجہ کے تعین اور ملزمان کی شناخت میں مدد مل سکے۔
دریں اثنا بفرزون سیکٹر 15 اے 2 میں لوٹ مار کے بعد فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں راہگیر بچی زخمی ہوگئی جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا جہاں اس کی شناخت 6 سالہ اریبہ کے نام سے کی گئی۔
The post کراچی میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری، تھانے کے سامنے مزاحمت پر دکاندار قتل appeared first on ایکسپریس اردو.
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں