اسلام آباد: قومی اسمبلی کی نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والے تین آزاد امیدواروں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی قومی اسمبلی کی نشستوں میں اضافے کا سلسلے جاری ہے اور آزاد امیدواروں کی شمولیت کا آغاز ہوگیا ہے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 54 سے جیتنے والے آزاد امیدوار بیرسٹر عقیل ، این اے 48 سے راجہ خرم نواز اور این اے 253 سے میاں خان بگٹی نے باضابطہ طور پر ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
آزاد امیدوار بیرسٹر عقیل نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ’میں آپ سب کو مبارک پیش کرتا ہوں، آپ سب نے جس طرح سے محنت کی اور مہم چلائی، اللہ نے جیت کی صورت میں اس کا صلہ دیا ہے، یہ سیٹ پہلے بھی نواز شریف کی تھی، ابھی بھی نواز شریف کی ہے اور آئندہ بھی نواز شریف کی رہے گی، میں اپنی لیڈر شپ، میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف اور مریم نواز صاحبہ کو بہت بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں‘۔
بیرسٹر عقیل نے کہا کہ یہ سیٹ ٹیکسلا واہ کی عوام کے توسط سے جیتا ہوں، یہ سیٹ اپنی تمام لیڈرشپ کے نام کرتا ہوں۔
اسلام آباد سے این اے48سے نومنتخب ایم این اے راجہ خرم نواز باقاعدہ مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ میں مسلم لیگ ن اور استحکام پارٹی کا مشترکہ امیدوار تھا، اب باقاعدہ مسلم لیگ ن میں شامل ہوگیا ہوں اور نئی حکومت کا حصہ ہونگا۔
راجہ خرم نواز نے کہا کہ وہ تمام حلقہ کے ووٹرز سپورٹز کا دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں انہوں عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ علاقے کی بہتری کیلئے کام کریں گے۔
ادھر این اے 253 سے کامیاب آزاد امیدوار میاں خان بگٹی مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے ۔ میاں خان بگٹی سبی ڈویژن بلوچستان سے آزاد امیدوار تھے،ان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مجھے کامیابی پر نواز شریف اور شہباز شریف نے مبارک باد دی ہے، کامیابی کے بعد مسلم لیگ ن میں شامل ہوگیا ہوں میں نے انتخابات میں مسلم لیگ کا ٹکٹ بھی مانگا تھا
The post تین آزاد امیدواروں کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان appeared first on ایکسپریس اردو.
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں