t"/>

تازہ ترین

جمعرات، 16 جون، 2022

کراچی: این اے 240 پر ضمنی انتخاب، پولنگ شروع

قومی اسمبلی کے حلقہ اين اے دو چاليس میں پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے، جو بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

حلقے ميں تين سو نو پولنگ اسٹيشنز قائم کيے گئے ہيں اور تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 5 لاکھ سے زائد ہے جو اپنے حق کا استعمال کریں گے۔ اس اہم الیکشن میں سیاسی جماعتوں کے 7 جب کہ 18 آزاد امیدوار ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔

حلقے ميں مرد ووٹرز دو لاکھ 94 ہزار385 جب کہ خواتين ووٹرز کی تعداد دو لاکھ 35 ہزار 470 ہے۔

سب سے زیادہ اہم مقابلہ پاکستان پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم پاکستان اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان متوقع ہے۔ تاہم جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ضمنی انتخاب میں حصہ نہ لينے کا فيصلہ کيا گیا ہے۔

مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے رفیع الدین فیصل، پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے شبیر قائم خانی، پاکستان پیپلزپارٹی کے ناصر لودھی اور تحریک لبیک کے کاشف قادری اپنی اپنی جماعتوں کی جانب سے انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔

ضمنی انتخاب کیلئے تيارياں مکمل کرلی گئيں، انتخابی سامان پر یزائیڈنگ افسران کے حوالے کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کورنگی محمد علی کا کہنا تھا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

سیکیورٹی پلان

کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240 میں الیکشن کے موقع پر سیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کے مطابق الیکشن کمیشن اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر پلان تیا رکیا گیا ہے۔ 1500 کے قریب پولیس آفسر و جوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ 309 پولنگ اسٹیشن ہیں، جن میں 200 کے قریب انتہائی حساس اور باقی حساس ہیں۔

پولنگ کے روز علاقے میں پولیس پیٹرولنگ بڑھائی جائے گی۔ ایک پولنگ اسٹیشن میں 12 سے 16 جوان تعینات ہونگے۔ تصادم کے خدشے سے بچنے کے لئے ریزور فورس بھی رکھی گئی ہے۔

قومی اسمبلی کے حلقے این اے 240 کی یہ نشست ايم کيوايم پاکستان کے اقبال محمد علی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ سال 2018 کے عام انتخابات میں این اے 240 سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے امیدوار اقبال محمد علی کامیاب ہوئے تھے۔

سال 2018 کے عام انتخابات کے دوران اقبال محمد علی اس نشست پر 61 ہزار 165 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جب کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیدوار محمد آصف 30 ہزار 535 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔



کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

مزید