کراچی سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پہلی حج پرواز 291عازمين کو لے کر روانہ ہوگئی ہے۔
کراچی سے روانہ ہونے والی پرواز پی کے 743 سے عازمين حج مدينہ منورہ روانہ ہوئے۔ اس موقع پر کراچی ائير پورٹ پر پی آئی اے کے ڈائريکٹر نےعازمين حج کو رخصت کيا۔
عازمین کو رخصت کرنے کے وقت وزيراعلیٰ سندھ کے مشير مذہبی امور فياض بٹ اور سی اے اے افسران بھی موجود تھے۔ عازمین حج کو پی آئی اے کی جانب سے چھتریاں بھی تقسیم کی گئیں۔
کرونا ویکسین لازمی قرار
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے عازمینِ حج کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ہر عمر کے عازمینِ حج کیلئے کرونا ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے۔ کرونا ویکسین کی مکمل ڈوز کے بغیر سعودی عرب میں داخلہ منع ہوگا۔
منظور شدہ ویکسین کون سی؟
تمام عازمینِ حج روانگی سے قبل سعودی عرب کی منظور شدہ ویکسین کا سرٹیفکیٹ ہمراہ رکھیں۔ منظور شدہ ویکسین کا ثبوت نہ ہونے پر طیارے سے آف لوڈ کردیا جائے گا۔
وزارت صحت کے مطابق عازمین حج کیلئے انسداد کرونا کی ویکسین موڈرنا، فائزر، ایسٹرازینیکا اور جانسن اینڈ جانسن منظور شدہ ہیں۔
وزارت صحت کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا گیا ہے کہ عازمین حج کیلئے ان چاروں ویکسینز میں سے کسی ایک کی دو خوراکیں لگوانا لازمی ہے۔ عازمین پہلی یا دوسری خوراک کے 28 دن بعد اضافی ویکسین یا بوسٹر شاٹ لگوا سکتے ہیں۔ موڈرنا اور فائزر ویکسین ملک بھر میں دستیاب ہیں۔
حج پروازوں کا آغاز
واضح رہے کہ پاکستان عازمین حج کی حجازمقدس روانگی کا سلسلہ 6 جون سے شروع ہوا ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد، کوئٹہ اور لاہور سے خصوصی حج پروازیں مدینہ روانہ ہوئی ہیں۔ روڈ ٹو مکہ اقدام کے تحت پہلی پرواز پیر کی صبح نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی۔ پی کے 747 کی پرواز 320 حجاج کو لے کر صبح 3:30 بجے مدینہ کے لئے روانہ ہوئی۔
اس سال پاکستانی عازمین حج کو جدہ کے ہوائی اڈے پر امیگریشن کیلئے قطاریں نہیں لگانی پڑے گی۔ سعودی عرب نے روڈ ٹو مکہ کے تحت پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن کارروائی پاکستان میں ہی مکمل کی۔ پاکستان میں امیگریشن کی کارروائی مکمل ہونے سے عازمین حج جدہ ایئرپورٹ پر رکے بغیر ہوٹل روانہ ہوں گے۔ سعودی عرب کی جانب سے 5 ممالک کیلئے روڈ ٹو مکہ منصوبے کی سہولت دوبارہ شروع کی گئی ہے۔
لاہور ایئرپورٹ پر پہلی نجی ایئر لائن کی خصوصی حج پرواز لاہور سے دو سو عازمین کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوئی۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے عازمین حج کو رخصت کیا، جب کہ کوئٹہ سے بھی پی آئی اے کے حج فلائٹ آپریشن کا آغاز ہوگیا ہے۔ کوئٹہ سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 2003سے 164 حجاج کوئٹہ سے مدینہ روانہ ہوئے۔
سرکاری حجاج کی پروازوں کا سلسلہ 6 سے 13 جون تک اور پرائیویٹ حجاج کی روانگی 19 سے 27 جون تک جاری رہیں گی۔ اس سال کل 81 ہزار پاکستانی حجاج روانہ ہوں گے جس میں سے 32 ہزار سرکاری اسکیم جب کہ 48 ہزار پرائیویٹ اسکیم کے تحت جائیں گے۔
پی آئی اے سے اب تک تقریبا 2,000 سے زاعد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا گیا ہے۔ پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 3 جولائی کو اختتام پزیر ہوگا، جب کہ بعد از حج کی پروازیں 14 جولائی سے شروع ہوں گی اور 13 اگست تک جاری رہیں گی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں