t"/>

تازہ ترین

اتوار، 12 جون، 2022

بھارتی فوج کی فائرنگ سے مسلمانوں کی شہادت پر پاکستان کااظہار مذمت

پاکستان نے بھارت میں مسلمانوں کیخلاف طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت میں اسلاموفوبیا کی تشویشناک صورتحال کا نوٹس لے۔

بھارت میں گستاخانہ بیانات کیخلاف احتجاج کرنیوالے مسلمانوں پر طاقت کے بدترین استعمال اور فائرنگ سے 2 مسلمانوں کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے کے واقعے پر پاکستان نے شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی مسلمان بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات کیخلاف احتجاج کررہے تھے، بھارت میں مسلمان مظاہرین کیخلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا گیا، رانچی میں بھارتی فورسز کی بربریت سے 2 مسلمان شہید اور 13 زخمی ہوئے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ہندوتوا کی حامی بھارتی حکومت نے مسلمانوں پر مظالم کی نئی مثال قائم کردی، بھارتی فورسز نے نہتے مسلمان مظاہرین پر بے دریغ گولیاں برسائیں، اترپردیش میں اب تک 227 مسلمانوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

پاکستان نے عالمی برادری سے بھارت میں اسلاموفوبیا کی تشویشناک صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کے اس پُرتشدد طرز عمل سے مسلمانوں کی مشکلات بڑھیں گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کا مسلمانوں کے حقوق غصب کرنے پر احتساب کیا جائے، یقینی بنایا جائےکہ آئندہ بھارتی مسلمانوں کے ساتھ ایسا سلوک نہ ہو۔

واضح رہے کہ بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے پیغمبر اسلامﷺ سے متعلق نازیبا بیان کے بعد دنیا بھر کے اسلامی ممالک نے بھارت سے شدید احتجاج کیا، کئی مسلم ممالک نے بھارتی سفیروں کو طلب کرکے احتجاجی مراسلے تھمائے، وسطی ایشیائی ممالک میں بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم بھی شروع کردی گئی ہے۔

بھارت میں مسلمانوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا جارہا ہے، جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک ہورہے ہیں، بھارتی حکومت سے نوپور شرما کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا جارہا ہے۔



کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

مزید